کوئٹہ: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنا کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ کوئٹہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال، قادر بلوچ، وزیراعلیٰ و گورنر بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے بھی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عز م ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنائیں گے ۔ چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق نے اجلاس میں امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بحال کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ہم عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ 2013 میں امن و امان کی بدترین صورتحال تھی جو اب بہت بہتر ہے، نوازشریف کی اسکیموں کو آگے بڑھانےکےفیصلے بھی کئےگئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں نوازشریف کے اعلان کردہ منصوبے جاری رکھے جائیں گے،بلوچستان میں پانی کےذخائرکیلئے نیا منصوبہ بنایا جائےگا۔ کھچی کینال کا منصوبہ کئی سال سے زیرالتوا تھا ، جس پر کام کر رہے ہیں، بلوچستان میں ٹیوب ویلزکوشمسی توانائی پرمنتقل کیا جائے گا۔ ہر ضلعی ہیڈکوارٹر میں گیس کا منصوبہ لگایاجائےگا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ منتخب حکومت ہی اسٹیبلشمنٹ ہوتی ہے،اپنا دفاع کرنا ہر فرد اور ادارے کا حق ہوتاہے، بی آئی ایس پی کو پورے بلوچستان میں پھیلایا جائےگا۔