ملبوسات کی مانگ بڑھ گئی ، برآمدات میں 6 فیصد اضافہ ہوگیا

02:35 PM, 19 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:دنیا میں پاکستانی ملبوسات کی مانگ بڑھ گئی، گزشتہ مالی سال 2016-17 کے دوران تیار ملبوسات کی قومی برآمدات میں 6 فیصد کا اضافہ ہوا،اس دوران 2.316 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 5کروڑ82لاکھ69ہزار ڈالر یعنی 6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2015-16 کے دوران 2.195 ارب ڈالر مالیت کے تیار مبلوسات برآمد کئے گئے تھے۔

پی بی ایس کے مطابق مالی سال 2016 کی 3کروڑ27لاکھ75ہزار درجن کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2017 کے دوران 3 کروڑ 47 لاکھ 85ہزاردرجن تیار ملبوسات برآمد کیے گئے ، اس طرح برآمدات میں 20 لاکھ 10 ہزار درجن یعنی 6.13 فیصد کی زائد برآمدات کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق جون 2017 کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 20 فیصد کا نمایاں اضافہ ہونے سے برآمدات کا حجم جون 2016 کی برآمدات 20 کروڑ 30 لاکھ 33 ہزارڈالر کے مقابلے میں 24 کروڑ 29 لاکھ51ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں، اس طرح جون 2016 کے مقابلے میں جون 2017 کے دوران 3کروڑ99لاکھ18ہزار ڈالر کی زائد برآمدات ہوئیں۔

مزیدخبریں