قطری حجاج کے لیے شاہ سلمان کی ہدایت پر خصوصی کنٹرول روم قائم

12:24 PM, 19 Aug, 2017

دوحہ: قطر کے شاہی خاندان کے رکن الشیخ عبد اللہ بن علی آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں کہاہے کہ قطری حجاج کے معاملے میں ان کی ثالثی کی مساعی اور سفارشات قبول کرنے پر وہ سعودی قیادت کے خصوصی طور پر شکر گذار ہیں،میڈیارپورٹس کے مطابق قطر کے شاہی خاندان کے رکن الشیخ عبد اللہ بن علی آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا قطری حجاج کے معاملے میں ان کی ثالثی کی مساعی اور سفارشات قبول کرنے پر وہ سعودی قیادت کے خصوصی طور پر شکر گذار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان سے نہایت احترام اور بھائی چارے کے اصولوں کے ساتھ بات چیت کی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عملے کی زیر نگرانی قطری حجاج کرام کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب میں قطری عازمین حج کے لیے قائم کردہ کنٹرول روم کا ہیلپ لائن نمبر 00966122367999 بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت قطری عوام کے ساتھ ہے۔ سعودی حکومت کی طرف سے ملک میں موجود قطری شہریوں سے ان کے اقارب پر ملاقات کی بھی اجازت دی ہے۔

ایک دوسرے بیان میں قطری حکمران خاندان کے رہ نما نے اس بات کی وضاحت کی سعودی عرب میں قطری ریال میں لین دین پر کوئی پابندی عاید نہیں۔ عبداللہ آل ثانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کی مانیٹری فاونڈیشن کے گورنر سے بھی بات کی اور ان سے قطری ریال کے لین دین پر پابندی کی شکایت کی تو ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی پابندی موجود نہیں۔ قطری شہریوں کی جانب سے قطری ریال میں لین دین پر پابندی کی خبریں من گھڑت ہیں۔

مزیدخبریں