اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے متنازع کینال منصوبے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے تحفظات دور کرنے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بین الصوبائی رابطہ کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اکائیوں کے حقوق اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھتی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم اور پارٹی قیادت نے پیپلز پارٹی سے مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی ہدایت کی ہے۔
رانا ثنا نے کہا کہ 1991ء کے واٹر ایگریمنٹ اور 1992ء کے ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی صوبے سے ناانصافی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے مشاورت اور آئینی دائرہ کار میں رہ کر حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ اکائیوں کی مضبوطی ہی وفاق کی مضبوطی ہے، اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ آئین، قانون اور جمہوری اقدار کے مطابق چلتی آئی ہے۔