اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2024-25 کے دوران مقررہ محصولاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، تمام لارج ٹیکس آفسز (LTOs)، میڈیم ٹیکس آفسز (MTOs)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (CTOs) اور ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 30 جون 2025 تک ہفتہ کے دن بھی معمول کے دفتری اوقات میں کام کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ٹیکس وصولیوں کو تیز اور محصولات کے اہداف کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ایف بی آر نے فیلڈ دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ وہ جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں اور زیادہ سے زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔
ذرائع کے مطابق، تمام متعلقہ اداروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور قانونی کارروائیوں میں تاخیر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ قومی خزانے کو بروقت وسائل فراہم کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے حال ہی میں پاکستان کو موجودہ مالی سال کے لیے اپنا سالانہ ٹیکس ہدف 12,970 ارب روپے سے کم کرکے 12,370 ارب روپے کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس رعایت کے باوجود ایف بی آر کو مسلسل ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے، جو مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ہی 700 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔