اسحاق ڈار کادورہ کابل: افغان قیادت کے ساتھ اہم بیٹھک ، مہاجرین کی واپسی اور تجارتی تعلقات پر گفتگو

اسحاق ڈار کادورہ کابل: افغان قیادت کے ساتھ اہم بیٹھک ، مہاجرین کی واپسی اور تجارتی تعلقات پر گفتگو

کابل: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی گفت و شنید سے مسائل کو حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ اور تجارتی سامان کی نقل و حرکت کے لیے صرف این ایل سی پر انحصار کافی نہیں، اسی لیے اب مزید دو کمپنیاں شامل کر دی گئی ہیں، تاکہ نقل و حمل کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ "ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم" کو 30 جون 2025 تک مکمل فعال کر دیا جائے گا، جس سے افغان ٹرانزٹ گڈز کی ترسیل میں تیزی آئے گی۔ اس کے علاوہ طورخم بارڈر پر آئی ٹی نظام کو بھی جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ افغانستان کی جانب سے طویل عرصے سے ٹرانزٹ اشیاء پر انشورنس گارنٹی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جس پر اب پیش رفت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے بھی ضروری ہیں تاکہ تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں۔