دمشق: فلسطینی صدر محمود عباس 16 برس بعد شام کے دورے پر دارالحکومت دمشق پہنچے، جہاں شامی صدر بشار الاسد نے پیپلز پیلس کے دروازے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر سرخ قالین پر چلتے ہوئے صدارتی محل میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے ملاقات کی اور شام اور فلسطین کے تعلقات کو مضبوط بنانے، شام میں موجود فلسطینی شہریوں کے معاملات کو آسان بنانے، اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ محمود عباس ان عالمی رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے صدر بشار الاسد کو صدارتی مدت کے آغاز پر مبارک باد دی تھی۔ اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔