لاہور:وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور کی ضلعی عدالت میں عمران خان کے خلاف دائر 10 ارب روپے کے ہتک عزت دعوے کی سماعت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی دی۔ دوران سماعت عدالت کی بجلی بند ہو گئی جس کے باعث جرح رک گئی، تاہم کچھ دیر بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی۔
وزیراعظم نے عدالت میں حلف لیا اور کہا کہ ’’جو کہوں گا، سچ کہوں گا، غلط بیانی نہیں کروں گا۔‘‘ عمران خان کے وکیل محمد حسین چوٹیا نے وزیراعظم سے متعدد سوالات کیے، جن میں یہ سوال بھی شامل تھا کہ آیا وزیراعظم نے دعوے میں کسی میڈیا ہاؤس کو فریق بنایا ہے؟ جس پر وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ ایسا نہیں کیا گیا۔
عمران خان کے وکیل نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے جان بوجھ کر یہ بات چھپائی کہ کون سے ٹی وی چینلز پر متنازعہ پروگرام نشر ہوئے، لیکن وزیراعظم نے اس بات سے انکار کیا اور کہا کہ انہیں اس حوالے سے علم نہیں۔
سماعت کے دوران چند وقفوں کے بعد جرح دوبارہ شروع ہوئی، جس میں وزیراعظم نے وضاحت پیش کی۔ عدالت نے مزید سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی۔