پاکستان زرعی ترقی میں پیچھے رہ گیا، قیمتی وقت ضائع کیا: وزیراعظم شہباز شریف

11:57 AM, 19 Apr, 2025

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا زراعت میں ترقی کر کے آگے نکل گئی جبکہ پاکستان قیمتی وقت ضائع کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زرخیز زمین، قابل زرعی ماہرین اور محنتی کسانوں جیسی نعمتیں حاصل ہیں، جن سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

یہ بات انہوں نے زرعی پالیسی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں قومی زرعی پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نوجوانوں کی شرکت اور تجربہ کار ماہرین کی رہنمائی سے مربوط حکمت عملی بنانے پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک وقت میں کپاس اور گندم میں خود کفیل تھا، لیکن آج فی ایکڑ پیداوار کم ہے اور کپاس درآمد کی جا رہی ہے۔ زرعی صنعت، سٹوریج سہولیات اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ دے کر دیہی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی 65 فیصد دیہی آبادی کی فلاح اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے بہتر استعمال کے لیے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔

مزیدخبریں