عدالت کا بشریٰ بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سےکروانے کا حکم

02:14 PM, 19 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے دو روز میں کروانے کا حکم دے دیا۔ 

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نےڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت کی اور آئندہ 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔ 

عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں عدالت نے منظور کرتے ہوئے  بشری بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے دو روز میں  کروانے کا حکم دیا۔

 عدالت  نے ہدایت جاری کی کہ بشری بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ شوکت خانم ہسپتان سے منسلک اور عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کے زیر نگرانی کروایا جائے۔ 

جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواروں کو فوری ختم کرنے کا بھی حکم دیدیا، عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھائی جائے گی ۔ 

عدالت حکم کے بعد سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ کیا گیا  اور وقفہ کے دروان عدالت میں نصب کچھ لکڑی کی  دیواروں کو جیل انتظامیہ نے ہٹا دیا۔

وکلاء صفائی کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر  کی گئی جس پر جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیا۔ عدالتی حکم پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی بھی روسٹرم پر آگئے۔ 

جج نےمیڈیا نمائندگان سے سماعت میں درپیش مشکلات سے متعلق استفسار کیا صحافیوں نے جواب  عدالتی کاروائی سننے میں مشکلات ہیں۔ جج نے جیل انتظامیہ کو اس حوالے سے اقدامات کی ہدایت کر دی ۔ 

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی اور احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا واپس اسلام اباد روانہ ہو گئے۔

مزیدخبریں