اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی۔ رواں سیشن میں آمد پر پابندی لگا دی گئی۔
ایاد صادق نے کہا کہ صدر کے خطاب کے دوران جمشید دستی اور اقبال خان نے غیر مناسب زبان استعمال کی ۔
گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کے خطاب کے دوران ایم این اے جمشیددستی کی جانب سے ایوان میں باجا بجایا گیا تھا، آج بھی اسمبلی کی کارروائی کے دوران اپوزیشن ارکان مسلسل شور شرابہ اور نعرے بازی کرتے رہے۔ جس کے بعد آج کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق نے جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی اور اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشترکہ اجلاس سے جوں ہی خطاب شروع کیا تھا تو ایوان میں اپوزیشن نے شورشرابا شروع کردیا تھا۔ اپوزیشن اراکین نے گو زرداری گو اور وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگائے۔ انہوں نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ آصف زرداری کے خطاب کے دوران پورا وقت نعرے بازی ہوتی رہی تھی۔