نئی دہلی : بھارت میں 7 مرحلوں پر مشتمل دنیا کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز آج صبح 7 بجے ہوا جو شام 6 بجے تک جاری رہے گا، بھارتیا جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی مسلسل تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے پرامید ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق بھارتی عام انتخابات میں تقریباً 97 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ گزشتہ بھارتی عام انتخابات کے دوران ٹرن آؤٹ 67 فیصد سے زیادہ تھا، جس میں تقریباً 61 کروڑ 50 لاکھ افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔
پارلیمانی انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلا مرحلہ آج 19 اپریل سے شروع ہوا جبکہ دوسرا 26 اپریل، تیسرا مرحلہ 7 مئی، چوتھا مرحلہ 13 مئی، پانچواں مرحلہ 20 مئی، چھٹا مرحلہ 25 مئی اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو ہوگا، جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو ہوگا۔
بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق 15 لاکھ پولنگ ورکرز کے ساتھ ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔آج 21 ریاستوں کے 102 حلقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں، تمل ناڈو میں کوئمبٹور، اتر پردیش میں مظفر نگر، مہاراشٹر میں ناگپور اور منی پور اہم حلقے سمجھے جارہے ہیں۔