ممبئی: ایپل کمپنی کے سی ای او ٹِم کُک نے بھارت کے پہلے باقاعدہ ایپل سٹورکا افتتاح کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایپل کمپنی کے سی ای او نے سٹور پر آنے والے صارفین کو خوش آمدید کہا اور ان سے گفتگو بھی کی، ٹم ابھی بھارت میں ہی رہیں گے اور اس جمعرات کو دہلی میں دوسرے ایپل اسٹور کا افتتاح بھی کریں گے۔
تجزیہ کاروں نے ایپل کے اس اقدام کو بھارت کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایپل کارپوریشن کو صارفین تک رسائی میں مدد ملے گی جبکہ بھارت میں ایپل مصنوعات کی تیاری کے مراحل بھی طے ہوں گے۔
اپنے ایک بیان میں ٹم کوک کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی کو بھارت میں کام کرتے ہوئے 25 برس ہوچکے ہیں، باقاعدہ سٹور کھولنا خوش آئند امر ہے، اگرچہ یہ سٹور مکیشن امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز کی حدود میں کھولا گیا ہے لیکن توانائی خرچ کرنے کے لحاظ سے یہ دنیا کا سب سے باکفایت سٹور بھی ہے۔
خیال رہے کہ ان تمام ڈویلپمنٹس کے باوجود بھارتی مارکیٹ میں ایپل کا حصہ صرف 6 فیصد تک محدود ہے، بھارت میں سام سنگ کے فون غیرمعمولی طور پر مقبول ہیں جس کے بعد شیاؤمی اور وائیوو فون استعمال ہوتے ہیں۔