لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف لینے سے متعلق حمزہ شہباز کی دائر کی گئی درخواست نامکمل قرار دے کر واپس کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کی درخواست کے ساتھ مطلوبہ مکمل دستاویزات منسلک نہیں تھیں جس کے باعث درخواست واپس کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کیلئے آج صبح ہی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ یکم اپریل سے منظور ہو چکا اور وزیراعلیٰ کا دفتر اس وقت خالی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ گورنر کا منتخب وزیراعلیٰ کوحلف کیلئے بلانا آئینی روایت ہے جبکہ آئینی روایات کی خلاف ورزی درحقیقت آئین سے انحراف ہے۔