وقار یونس دورہ زمبابوے میں قومی ٹیم کیساتھ نہیں ہوں گے

وقار یونس دورہ زمبابوے میں قومی ٹیم کیساتھ نہیں ہوں گے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے اور فوری طور پر ہرارے سے آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا منیجر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وقار یونس فوری طور پر آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں کیونکہ رمضان المبارک کے فوری بعد ان کی اہلیہ کی سرجری شیڈول ہے۔ 
میڈیا منیجر نے کہا کہ ’وقار یونس کو فوری طورپر آسٹریلیا روانہ ہونا ہو گا کیونکہ وہاں پہنچنے والے ہر شخص کیلئے 14 روزہ قرنطینہ اختیار کرنا لازمی ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ زمبابوے کیخلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔‘ 
میڈیا منیجر کے مطابق وقار یونس آسٹریلیا سے پاکستان واپس آئیں گے اور دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ وہ اس سے قبل قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران بھی اپنے اہل خانہ کیساتھ وقت گزارنے کیلئے آسٹریلیا چلے گئے تھے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 21 اپریل کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا اور دوسرا میچ 23 اپریل، تیسرا میچ 25اپریل کو ہو گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 29 اپریل سے ہو گا۔