سی پیک کے حوالے پاکستانی عوام بہت جلد خوشخبری سنے گی، چینی سفیر

05:29 PM, 19 Apr, 2021

پشاور: چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کا گراف اوپر جا رہا ہے اور پاکستان میں نئے منصوبے بھی زیر غور ہیں جبکہ عوام بہت جلد خوشخبری سنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چائنہ ونڈو سینٹر کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی بہت پرانی ہے جس کی مثال نہیں ملتی اور پاکستان چین آپس میں بھائی بھائی ہیں، ہر مشکل دور میں آپس میں تعاون کیا ہے۔ عالمی وبا کی صورتحال میں بھی پاکستان سے باہمی تعاون کو یقینی بنایا اور اجتماعی کوششوں سے کوویڈ کو شکست دینگے۔

نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ رشکئی صنعتی زون سی پیک کا اہم منصوبہ ہے اور سی پیک کو بھرپور توجہ مل رہی ہے اورنج لائن، گوادر پورٹ اور دیگر منصوبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ سی پیک سے جڑے نئے منصوبے بھی زیر غور ہیں اور عوام انتظار کریں جبکہ بہت جلد سی پیک کے حوالے خوشخبری سنیں گے۔ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی مشکلات پر توجہ دی جائیگی۔

قبل ازیں چینی سفیر نے چائنا ونڈو سنٹر کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔ چینی سفیر نے پاک چین دوستی اور سی پیک کی تاریخی تصاویر میں دلچسپی لی۔ سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے اور پودا بھی لگایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں اگر دیگر ممالک شمولیت کا اختیار کرتے ہیں تو چین اس کا بھرپور طریقے سے خیر مقدم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سی پیک منصوبے کی حمایت جاری رکھے گا اور ان منصوبوں میں زندگی کی بنیادی سہولتوں، زراعت اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ گوادر بندرگاہ پر کارگو شپنگ کا آغاز ہو گیا ہے اور اس سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوئے جبکہ افغانستان اسی راستے کی مدد سے ضروریات زندگی اور خوراک کی اپنے ملک میں درآمد کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں سے پاکستان میں ستر ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ ان منصوبوں میں بجلی کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) مکمل ہونے والے منصوبے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں شروع ہونے والے بیلٹ اینڈ روڈ کے پائلٹ پراجیکٹس ہیں۔

وانگ وین بن کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پاکستان میں سرکاری سطح پر بجلی سے چلنے والا ٹرانسپورٹ کا پہلا پراجیکٹ ہے۔ اس تاریخی منصوبے سے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہوا۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں پچیس ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کے کئی منصوبے شروع ہوئے۔

مزیدخبریں