اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان موجودہ صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعظم گستاخانہ خاکوں کے اقدام کے خلاف حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے
نیونیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان تمام حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے۔ اپنے خطاب میں قومی لائحہ عمل سے بھی آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ کئی دن سے ٹی ایل پی کا دھرنا لاہور میں جاری ہے۔ پولیس نے گزشتہ روز وہاں آپریشن کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے اور ٹی ایل پی کے کارکن بھی جاں بحق ہوئے۔پنجاب حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد یرغمال بنائے اہلکاروں کو رہا کردیا گیا۔
قبل ازیں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالتﷺ کیلئے مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مہم میں مسلم ممالک کے سربراہان کو بھی شامل کروں گا۔ دینی جماعتیں بعض اوقات اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں۔احتجاج سے اپنے ملک میں توڑ پھوڑ کرتے رہیں گستاخی کرنے والوں پر اثر نہیں پڑے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ہو یا کوئی اور مسلم ملک ہوووٹنگ کراکے دیکھ لیں۔ سب نبی اکرم ﷺ سے محبت کرتے ہیں لیکن مظاہرے اور احتجاج کرکے مغرب کو کچھ فرق نہیں پڑے گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دینی جماعتیں بعض اوقات اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں اور اپنے ملک کو ہی نقصان پہنچادیتی ہیں۔اس سے دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر ہم خود نقصان اٹھاتے ہیں، میں انہیں واضح کردوں کہ یہاں سب نبی اکرم ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔ہم سب کا مقصد ایک ہے، پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہماری قوم اپنے دین اور اپنے نبی ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔