ڈیوڈ وارنر اور کین ولیمسن نے روزے رکھنا شروع کردیے

12:34 PM, 19 Apr, 2021

ممبئی: دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور کین ولیمسن نے بھی روزے رکھنا شروع کردیے ہیں۔ کیوی اور کینگروز کھلاڑیوں کے اس اقدام سے ان کے مداح بہت خوش ہیں۔ڈیوڈ وارنر کا شمار آسٹریلیا کے مایہ ناز اوپنرز میں ہوتا ہے جبکہ کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔

  

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کھلاڑی ان دنوں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کیلئے انڈیا میں موجود ہیں اور حیدر آباد سن رائزرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دونوں اپنے مسلمان کھلاڑیوں کیساتھ مل کر رمضان المبارک کے روزے رکھ رہے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر اور کین ولیمسن  کو روزے رکھنے کی ترغیب افغان کرکٹرز محمد نبی، خلیل احمد اور مجیب الرحمان نے دی۔افغان کرکٹر نے افطاری کے موقع کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جسے بہت پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ راشد خان نے سوال پوچھا کہ ڈیوڈ وارنر روزہ رکھ کر کیسا محسوس کر رہے ہیں تو اس کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا پیاس کی وجہ سے گلا خشک ہو رہا ہے جبکہ بھوک بھی محسوس ہو رہی ہے۔ یہی سوال کیوی کپتان کین ولیمسن سے پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ روزہ رکھ کر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ غیر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد میں روزے رکھنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ ابھی حال ہی میں بھارت کے مشہور سیاستدان لالو پرساد یادیو کی صاحبزادی نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ ان کے والد کی ضمانت رمضان المبارک کی برکتوں کی وجہ سے ہی ممکن ہو سکی ہے۔

مزیدخبریں