سیاسی اور دینی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں،احتجاج سے گستاخوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا: وزیراعظم

سیاسی اور دینی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں،احتجاج سے گستاخوں پر کوئی اثر نہیں ہوگا: وزیراعظم
سورس: file

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ناموس رسالتﷺ کیلئے مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مہم میں مسلم ممالک کے سربراہان کو بھی شامل کروں گا۔ سیاسی اور دینی جماعتیں بعض اوقات اسلام کا  غلط استعمال کرتی ہیں۔احتجاج سے اپنے ملک میں توڑ پھوڑ کرتے رہیں گستاخی کرنے والوں پر اثر نہیں پڑے گا۔

 اسلام آباد میں مارگلہ  ہائی وے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ   پاکستان  ہو یا کوئی اور مسلم ملک ہوووٹنگ کراکے دیکھ لیں۔ سب نبی اکرم ﷺ سے محبت کرتے ہیں لیکن مظاہرے اور احتجاج کرکے مغرب کو کچھ فرق نہیں پڑے گا۔احتجاج سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا میری کمپین سے حل ہوگا۔ اسلامی ممالک کے سربراہوں کو اس حوالے سے خط بھی لکھا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دینی جماعتیں بعض اوقات اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں اور اپنے ملک کو ہی نقصان پہنچادیتی ہیں۔اس سے دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر ہم خود نقصان اٹھاتے ہیں، میں انہیں واضح کردوں کہ یہاں سب نبی اکرم ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔ہم سب کا مقصد ایک ہے، پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہماری قوم اپنے دین اور اپنے نبی ﷺ سے محبت کرتے ہیں۔

مارگلہ ہائی وے کے منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پرانا ہے تاہم اس پر کام نہیں کیا گیا تھا۔ پچھلے 20 سال میں اسلام آباد کی آبادی ڈیڑھ گنا زیادہ بڑھی ہے۔ آبادی زیادہ بڑھنے کا مطلب انفرا اسٹرکچر بھی بڑھنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جتنی بارش ہوتی ہے اتنی ہی لندن میں بھی ہوتی ہے، اس شہر میں گرمی کم پڑتی ہے، ہریالی ہے اس لیے یہاں کے لوگ ماحولیات کی فکر کرتے ہیں۔ میں ایسے تمام لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی حکومت نے ماحولیات کی فکر کی ہے تو وہ موجودہ حکومت ہے۔ اسلام آباد کی آبادی بڑھتی جارہی ہے اور اس رنگ روڈ سے اس شہر کے ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا۔

  

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جب سے بنا ہے ہم نے صرف 60 کروڑ درخت لگائے تھے،۔ہم نے مزید جنگل بنانے کے بجائے انگریزوں کے بنائے جنگلوں کو بھی کاٹ دیا تھا۔جنگلات کے کاٹنے کا سب سے بڑا اثر ماحولیاتی تبدیلی پر پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں گرمی بڑھتی جارہی ہے اس کے بڑے اثرات سامنے آئیں گے اور پاکستان اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔