واشنگٹن : امریکا کی بڑی سافٹ ویئر کمپنی ایڈوبی انکارپوریٹڈ کے شریک بانی چارلس چک گیشکی81 کی عمر میں چل بسے۔ انہوں نے پورٹیبل ڈاکیومنٹ فارمیٹ یا پی ڈی ایف کی تیاری میں مدد کی تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق مطابق گیشکی خلیج سان فرانسسکو کے نواحی علاقے لاس الٹس میں مقیم تھےجہاں ان کا انتقال ہوا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر شنتنونرائن نے کمپنی کے ملازمین کو کی گئی ای میل میں کہا ہے کہ یہ پوری ایڈوبی برداری اور ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیے بڑا نقصان ہے جن کے لیے وہ دہائیوں تک ایک رہنما اور ہیرو کے طور پر کام کرتے رہے۔
ایڈوبی کے شریک بانی کی حیثیت سے چک اور جان وارنک نے بڑی پیش رفت ثابت ہونے والا سافٹ ویئر تیار کیا جس کی بدولت لوگوں کی تخلیقی اور رابطے کی صلاحیت میں انقلاب آ گیا۔
ان کی پہلی پروڈکٹ ایڈوبی پوسٹ سکرپٹ تھی جو ایک اہم ٹیکنالوجی ہے جس نے ٹیکسٹ اور تصاویر کاغذ پر چھاپنے کے لیے نیا انقلابی طریقہ دیا اور ڈیسک ٹاپ اشاعت میں انقلاب کا آغاز کیا۔