لاہور،کراچی: علما کی جانب سے ہڑتال اور پہیہ جام کی اپیل کی ملک بھر میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور اور کراچی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ تمام بازار آج بند رہیں گے۔ کراچی میں میریٹ روڈ، بولٹن مارکیٹ اور اطراف کے بازار بند ہیں۔ کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی کے چیئرمین رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام الیکٹرانک بازار اور موبائل مارکیٹس آج بند رہیں گی۔
اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد حسین کے مطابق پیر کو ٹرانسپورٹرز اور گڈز ایسوسی ہڑتال کی حمایت میں تمام ٹرانسپورٹ بند رکھیں گے۔
ادھر لاہور میں بھی تاجروں نے علما کی اپیل پر آج تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں کیمیکل مارکیٹس، لنڈا بازار، بلال گنج مارکیٹ، برکت مارکیٹ، گلبرگ، جیولری مارکیٹ، منٹگمری مارکیٹ، کار شورومز، انارکلی شو مارکیٹ، رنگ محل، لبرٹی مارکیٹ، بادامی باغ ، اعظم کلاتھ مارکیٹ ،رحمت مارکیٹ ،بانو بازار پیرس مارکیٹ ،خانم بازار بند ہیں۔