اسلام آباد: غلام سرور خان نے وزارت کی تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے وزیر ہوا بازی کا قلمدان سنبھالنے سے انکار کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کیں۔ وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر صحت عامر کیانی کی چھٹی ہو گئی۔ فواد چودھری، غلام سرور اور شہر یار آفریدی کی وزارت تبدیل کر دی گئی حفیظ شیخ مشیر خزانہ ،اعجاز شاہ کو وزیر پارلیمانی امور کے بجائے وفاقی وزیر داخلہ اور اعظم سواتی کو وزیر پارلیمانی امور بنا دیا گیا جبکہ فردوس عاشق اعوان اطلاعات، ڈاکٹر ظفراللہ مرزا صحت اور ندیم بابر پٹرولیم کے معاون خصوصی ہوں گے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق فواد چودھری سے وزارت اطلاعات لے کر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور غلام سرور خان سے وزارت پٹرولیم لے کر وزارت ہوا بازی کا قلمدان دیا گیا ہے۔
شہریار آفریدی اب وزیر مملکت برائے داخلہ نہیں بلکہ وزیر مملکت برائے ریاستی و سرحدی امور (سیفران) ہوں گے۔ محمد میاں سومرو سے ایوی ایشن ڈویژن کا اضافی چارج لے لیا گیا اب وہ صرف نجکاری کے وزیر ہوں گے۔