سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر کو ملکی معیشت اور قرضوں کا علم تھا مگر انہوں نے قوم کوجنت کے جھوٹے خواب دکھائے۔
سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے کوئی لائن ڈرا نہیں کی، اسد عمر کو ملکی اکانومی کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔خورشید شاہ نے کہا کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر کی تبدیلی نظر آرہی تھی وہ باربار ناکام ہو رہے تھے، ان کا جانا ٹھہر گیا تھا۔
انہوں نے کہا ہم کہتے آرہے تھے ان پالیسیوں سے معاشی حالات خراب ہوں گے، ہم نے بار بار کہا مگر مذاق اڑایا گیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا جو شخص جنگی حالات میں اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار نہ تھا وہ اب کیسے بات کرے گا۔
سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی کوئی سیاسی پارٹی نہیں ہے اسے لایا گیا ہے ان کے ہاتھ میں کچھ میں ہے، ساری سیاسی جماعتوں سے لوگ اٹھا کر ایک جماعت بنائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نامساعد حالات میں بھی لوگوں کو نوکریاں دی ہیں لیکن آج ایک خاکروب کو بھی نوکری نہیں مل رہی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہم حکومت کی ناکامی پر سیاست نہیں کریں گے، اس حکومت نے کاروباری طبقے کا اعتماد ختم کردیا ہے، یہ حکمران جہاں جاتے ہیں اپنے ملک میں کرپشن میں کی بات کرتے ہیں۔