گجرات میں تین طالبات تیزاب گردی کا شکار ہو گئیں

10:33 AM, 19 Apr, 2018

گجرات: گجرات کے علاقے ڈنگہ میں یونیورسٹی آف گجرات کی تین طالبات بس کے انتظار میں کھڑی تھیں کہ موٹر سائیکل سواروں نے ان پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی طالبات میں دو بہنیں بھی شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور تینوں طالبات کوعزیز بھٹی اسپتال منتقل کیا جہاں دو طالبات کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس، شریف خاندان کیخلاف نیب نے نیا گواہ لانے کا فیصلہ کر لیا

پولیس کا کہنا ہے کہ تیزاب پھینکنے والے تین نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی تینوں طالبات کی شناخت سائرہ عمر دراز، آسیہ عمردراز اور ہما یونس کے نام سے ہوئی ہے تینوں ایم ایس سی کی طالبات ہیں۔

جائے وقوعہ پر موجود افراد نے موٹرسائیکل سواروں کا تعاقب کیا اور اس دوران ایک ملزم کو پکڑ لیا جب کہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید پڑھیں: عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس کی کارروائی موخر کر دی

شہریوں نے ملزم کو پکڑنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا جب کہ پولیس نے دیگر دو ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے طالبات پر تیزاب پھینکنے کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں