لاہور: دورۂ برطانیہ کیلیے قومی اسکواڈ میں فواد عالم کی عدم شمولیت پر خاصی تنقید سامنے آئی، وسیم اکرم اور راشد لطیف سمیت کئی سابق اسٹارز، میڈیا اور شائقین نے اس فیصلے کو غلط قرار دیا ہے، چیف سلیکٹر کی قریبی شخصیات یہ تاثر دے رہی ہیں جیسے فواد کو ڈراپ کرنے میں مکی آرتھر کا ہاتھ ہے مگر ذرائع نے اس بات کو غلط قرار دیدیا۔
ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جب ٹیم کا اعلان ہوگیا تو اکیڈمی میں فواد عالم کا مکی آرتھر سے سامنا ہوا۔ اس موقع پر انھوں نے واضح طور پر کہا کہ ’’ میں نے اپنی پوری کوشش کی، ہارڈ لک‘‘۔
یہ بھی پڑھیں:قومی ٹیم میں منتخب نہ کیے جانے پر فواد عالم مسلسل روتے رہے ، کپتان گلے لگا کر دلاسا دیتے رہے
ذرائع نے بتایا کہ آرتھر لگی لپٹی رکھنے کے عادی نہیں، انھیں سہیل خان اور وہاب کو ڈراپ کرنا تھا تو برملا خامیوں کا میڈیا میں آکر بتایا، اگر انھیں فواد سے بھی مسئلہ ہوتا تو صاف بات کرتے، البتہ انضمام الحق کسی وجہ سے فواد کو پسند نہیں کرتے اور کئی بار اپنے ساتھیوں کے سامنے کہہ چکے کہ میڈیا جتنی تنقید کرے مجھے کوئی پروا نہیں، البتہ انھیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ فواد کیلیے اس قدر زیادہ آوازیں اٹھیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:فواد عالم کو قومی ٹیم میں شامل نہ کرنے کا معاملہ پارلیمنٹ تک پہنچ گیا
اسی لیے اب ماضی کی طرح ایک بار پھر انھیں مستقبل میں موقع دینے کی باتیں ہونے لگی ہیں، انضمام نے فواد کو ٹیم میں نہ لینے کے فیصلے سے مطلع بھی نہیں کیا تھا،انھوں نے اپنے بھتیجے امام الحق کومنتخب کرنے کیلیے صرف تین ٹیسٹ کیلیے اسکواڈ میں اوپنرز کی تعداد بھی تین کر لی، کپتان سرفراز احمد نے بھی فواد عالم سے ملاقات میں انھیں یہی بتایا کہ ان کی عدم شمولیت پر دکھ ہوا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں