مردان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، مولانا فضل الرحمن

مردان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، مولانا فضل الرحمن

بنوں: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ دین صرف عبادت کا نام نہیں ان کے فلاح کیلئے خلافت اور سیاست بھی ضروری ہے. مردان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل کا واقعہ انتہائی آفسوسناک ہے اب بعض قوتیں فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں. جو مشال خان کے قتل کی آڑ میں توہین رسالت قانون میں ترمیم کرنے کی سازش کا سوچ رہے ہیں جو خدا اور رسول کی تو ہین کا غلط الزام لگاکر اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں ملالہ کا واقعہ ہو یا مثال خان کا دونوں سیکولر ایجنڈہ ہے اس کا بھرپور مقابلہ کرینگے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے درانی ہاؤس میوہ خیل ،مدرسہ معراج العلوم میں سالانہ دستار بندی وختم بخاری شریف کی تقریب اور سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ  ملک نقیب اللہ خان کے انتقال پر منڈان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پروفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی ،تحصیل ناظم انجینئر ملک احسان خان ،اقوام بنوں کے رہنماؤں ملک یوسف اللہ خان ،ملک نعیم خان ،تنظیم الاعوان کے صدر ملک مقبول زمان حیدر ،سابق ایم پی اے سید حامد شاہ ،تحصیل کونسلر ملک میر محمد حیات خان ،صدر عبدالرحمن سمیت دیگر مشران اور پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے .

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پانامہ ایشو پر قوم کا وقت ضائع کیا جارہا ہے کیونکہ فیصلہ آنے سے کوئی طوفان نہیں آئیگا اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دیا ہے لہذا ملک میں غلط نظریات کے خلاف جمعیت علماء اسلام پرامن جدوجہد جاری رکھے گی .انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے عالمی تین روزہ صد سالہ اجتماع سے دنیا کو امن کا پیغام دیا اور ثابت کیا جمعیت دنیا کی ایک مضبوط دینی وسیاسی قوت ہے. انہوں نے کہا کہ مشال خان قتل واقعہ یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی ہے جن کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے تاکہ اس قسم واقعات لہ روک تھام ہوسکے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے 100سال مکمل ہونے پر جو اعزاز ملا ہے وہ عالم اسلام کیلئے ایک اعزاز ہے .