سکھ تنظیموں کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں طلباء اور شہریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت

06:25 PM, 19 Apr, 2017

نیوویب ڈیسک

جموں: سکھ انٹیلیکچول سرکل، شرومنی اکالی دل (امرتسر)، انٹرنیشنل سکھ فیڈریشن، سکھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور سکھ یوتھ آف جموں و کشمیرسمیت سکھوں کی متعدد تنظیموں نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری طلباء اور شہریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت کی ہے ۔

سکھ تنظیموں کے رہنمائوں نے جموں میں منعقدہ ایک اجلاس میں اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کرانے کیلئے انہیں ایک مشترکہ یادداشت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ۔

سکھ رہنماؤں نے کہا کہ طلباء پر بدترین تشدد خاص طور پر ایک نوجوان کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کرانسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا ایک سنگین جنگی جرم ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کیلئے عالمی برادری کو بھارت ، پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنی چاہیے تاکہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کیاجاسکے ۔

اجلاس میں سردار جسپال سنگھ منگل، سردار نریندر سنگھ خالصہ، بھائی گرودیو سنگھ، سردار امن جیت سنگھ، بھائی رام سنگھ، سردار رنجیت سنگھ، سردار دیوندر سنگھ، سردار سریندر سنگھ، سردار منمیت سنگھ، سردار منجیت سنگھ اور سردار اندر سنگھ شامل تھے ۔

مزیدخبریں