طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کا معاملہ،گرفتار  شوٹرز کے بارے میں  مزید معلومات سامنے آ گئیں

02:46 PM, 18 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : تاجر  طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کا معاملہ میں اہم پیشرفت  ہوئی ہے ،گرفتار  شوٹرز کے بارے میں  مزید معلومات سامنے آ گئیں۔

پولیس ذرائع کے  مطابق ملزمان نے انکشاف   کیا ہے کہ جاوید بٹ کو قتل کرنے کے لئے منصوبہ بندی اڑھائی ماہ قبل کی  گئی تھی  اس حوالے سے ملاقات معصب  کے شاہ عالمی میں واقع  ڈیرے  پر ہوئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معصب   سے شوٹرز کی ملاقات  اس کے قابل  اعتماد  ملازم  عارف  نے   کرائی  تھی ،  ملاقات میں  معصب ، عارف ،اظہر اور الیاس شامل تھے ۔

شوٹرز نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ملزم کی جانب سے جاوید  بٹ کو  قتل کے عوض انہیں  5،5 لاکھ نقد اور 5،5 مرلے کے گھر دینے کا  وعدہ کیا گیا تھا ۔ جبکہ   قتل کرنے سے پہلے ریکی کے لئے رکشہ کا استعمال کیا  تھا  اور   15روز تک جاوید بٹ کے گھر کے باہر  گلی میں سواریوں کے انتظار میں کھڑے  ہو کر ریکی  کی۔

پولیس  ذرائع کا کہنا ہے کہ  قتل کے وقت عارف پہلے سے   موقع واردات پر  بھی موجود  تھا ۔ شوٹرز تعاقب کرتے  ہوئے کینال روڈ پر پہنچے اور  سگنل پر گاڑی کے کھڑے ہوتے ہی فائرنگ کر دی۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ 2 ستمبر کو جاوید بٹ کے قتل  سے قبل 28 اگست کومعصب دبئی  فرار ہو  گیا تھا جبکہ دونوں شوٹرز الیاس  اور اظہر کچھ مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں ۔

واضح رہے کہ  معصب  مقتول بالاج کا چھوٹا بھائی اور ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا ہے۔

مزیدخبریں