اسلام آباد : روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچوک 2روزہ دورے پر اسلام آبادپہنچ گئے۔
معزز مہمان کا ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ روس کا اعلیٰ سطح وفد بھی نائب وزیراعظم کے ساتھ پاکستان آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق روسی نائب وزیراعظم پاکستانی صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے، اس کے علاوہ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان ریل اور روڈ کے ذریعے روابط بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوگی۔عالمی حالات کے تناظر میں روسی نائب وزیراعظم کے دورہ پاکستان کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ روسی ڈپٹی وزیراعظم الیکسی اوورچوک وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آ ئے ہیں ۔ پاکستان کی اگلے سال اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی رکنیت سے پہلے روسی اعلی سطح دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔