غزہ سمیت رفح پر اسرائیلی بمباری جاری ، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں

01:59 PM, 18 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

رفح  :فلسطینیوں کی نسل کشی پر تلے اسرائیل کی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے جہاں صیہونی فوج نے بریج میں تازہ ترین حملے کیے جس میں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

 حملے کے نتیجے میں 80 افراد ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو کارروائیوں کے دوران 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ، اسرائیلی فوج نے ریسکیو ٹیم پر بھی حملے کئے۔

اس کے علاوہ مغربی کنارے سے اسرائیلی فوج نے معصوم بچے سمیت 30 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا، غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں میں 11ہزار سے زائد طلباء شہید ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں حماس نے اسرائیلی فوج پر حملے کیے ہیں۔ جس میں اسرائیلی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق رفح میں حماس کی جانب سے نصب کیے گئے بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور افسر سمیت 5  افراد زخمی ہو گئے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی ای ڈی دھماکے میں گیواتی بریگیڈ کے ڈپٹی کمپنی کمانڈر اور خاتون سمیت 4 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔حماس نے ایسا ظاہر کیا کہ وہ بھاری اسلحے کے ساتھ ایک عمارت میں چھپے ہوئے ہیں۔ جن کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم جیسے ہی عمارت میں داخل ہوئی، حماس نے عمارت کو دھماکے سے اُڑا دیا۔

واضح رہے کہ غیر ملکی  میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 41 ہزار 200 ہو گئی ہے۔اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ نصف آبادی بے گھر ہو کر پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہے۔

مزیدخبریں