لاہور:ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کہاکہ کوئی زخمی سڑک پر پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ن لیگی رہنمائوں سے ویڈیو لنک خطاب میں کہاکہ کوئی زخمی سڑک پر پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
ان کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج ملک میں پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا، اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے۔ پاکستان کے درد کی خاطر ہم نےخلوص سے یہ قربانی دی ہے۔ انشاءاللّٰہ انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے۔ میں نے پہلے بھی معاملہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اب بھی اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے، اس کا صلہ کامیابیوں کی صورت میں ملےگا۔
مریم نواز کو گرفتار کرنے آئے تو میں نے مریم سے کہا بیٹا بہادری اور مضبوطی سے جاؤ، اللّٰہ ہمیں سرخرو کرے گا۔نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ عوام کا مقدر تاریک کرنے والے قتل کے مجرم سے بڑے مجرم ہیں، خود احتسابی کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں، آنے والے وقت کو ملک کیلئے اچھا دیکھ رہا ہوں، پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہوگا۔