وزیر اعظم کل لندن سے نیویارک روانہ ہوں گے، امریکی صدر جوبائیڈن سے اہم ملاقات طے 

وزیر اعظم کل لندن سے نیویارک روانہ ہوں گے، امریکی صدر جوبائیڈن سے اہم ملاقات طے 
سورس: File

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف  کل لندن سے نیویارک روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کرینگے۔  جو 19 تا 23 ستمبر تک نیویارک میں ہو رہا ہے۔وزیر اعظم امریکی صدر کے عشائیہ میں شریک ہوں گے اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات بھی کریں گے۔ 

 دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل ہونگے۔ وزیر اعظم 23ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے ۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم حالیہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیداہونے والی صورتحال کو اجاگر کرینگے۔ وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی سے درپیش شدید خطرات کے حوالہ سے اپنی تجاویز بھی پیش کرینگے۔اس کے علاوہ وزیر اعظم بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر سمیت طویل عرصہ سے اقوام متحدہ کے ایجنڈا میں موجود غیر حل شدہ تنازعات سمیت علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حوالہ سے پاکستان کے خدشات اور نقطہ نظر کو بھی اجاگر کریں گے۔

یو این جی اے کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم افریقی یونین ، یورپی یونین اور امریکا کی شراکت سے منعقدہ گلوبل فوڈسیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی مسائل کے خاتمہ کے حوالہ سے سی او پی 27 کے اجلاس میں بھی شرکت کرینگے جس میں کئی بین الاقوامی رہنما شریک ہونگے ۔ 

واضح رہے کہ یہ پلیٹ فارمز موجودہ دور میں بین الاقوامی برداری کو درپیش شدید خطرات کے حل کے حوالے سے عالمی سطح پر اقدامات کے سلسلہ میں انتہائی موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

وزیر اعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر جنرل اسمبلی کے صدر ، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری ، بین اقوامی اداروں کے سربراہوں، آئی ایف آئیز اور خدمت خلق کے اداروں کے سربراہان سمیت متعدد ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔وزیر اعظم اس موقع پر عالمی میڈیا سے بھی گفتگو کرینگے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی مختلف پروگرامز میں شریک ہونگے جن میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت اور متعدد ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں میڈیا اور تھنک ٹینکس سے ملاقاتوں کے علاوہ جی 77 اور چین کے وزرائے خارجہ کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت بھی شامل ہے۔

کثیر القومی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کی وجہ سے اقوام متحدہ ایک اہم بین الاقوامی ادارہ ہے جو عالمی امن و استحکام ، ترقی اور انسانی حقوق کے علاوہ دنیا بھر میں پائیدار امن و ترقی کی فراہمی کیلئے بنیادی کردار کا حامل ہے۔ دنیا بھر کے ممالک کی نمائندگی ہونے کی وجہ سے جنرل اسمبلی عالمی برداری کو مشترکہ مقاصد کے حصول اور مشترک مسائل کے خاتمہ کیلئے ایک وسیع پلیٹ فارم پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم کی یو این جی اے کے اجلاس میں شرکت پاکستان کے کثیر الجہتی مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگی کیونکہ اقوام متحدہ دنیا امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی امور کے حوالہ سے کلیدی کردار کا حامل ادارہ ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے گروپ آف 77اور چین کے ساتھ ساتھ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان عالمی سطح پر امن ، استحکام ، پائیدار ترقی ، انسانی حقوق سب کیلئے سمیت دیگر عالمی مسائل کے خاتمہ کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کردار ادا کرنے کے پرعزم ہے۔

مصنف کے بارے میں