لاہور: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور سيلاب سے انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصان کى تفصيلات جارى کر دیں ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں 8958 گھروں کو گزشتہ 24 گھنٹے میں جزوى نقصان پہنچا جبکہ 13 ہزار سے زائد گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ۔ حاليہ سيلاب سے 11 لاکھ 44 ہزار 787 گھروں کو جزوى نقصان پہنچا ، بارشوں اور سيلاب سے 778560 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک ملک بھر کى 12 ہزار 7 سو 35 کلو ميٹر سڑک متاثر ہوئیں جبکہ ملک بھر میں 375 پلوں کو نقصان پہنچا ۔ 9 لاکھ 43 ہزار 909 مال مویشی بارشوں اور سيلاب سے ہلاک ہوئے ۔ دريائے سندھ میں کوٹرى کے مقام پر تاحال درميانے درجے کا سيلاب ہے ۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں بارشوں اور سيلاب سے کوئى موت نہیں ہوئى ، ملک بھر میں اب تک ہونے والى اموات کى تعداد 1545 ہے جبکہ 14 جون سے اب تک 12 ہزار 860 افراد زخمى ہوئے ہیں ۔