اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے ، وہ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے ۔ شہباز شریف آج سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات بھی کریں گے ۔
وزیراعظم لندن سے امریکا جائیں گے ، جہاں جنرل اسمبلی سے اُن کا خطاب شیڈول ہے ۔ وزیراعظم جنرل اسمبلی سیشن میں 150 سے زائد رکن ممالک کے سربراہ اور مندوبین سے خطاب کریں گے ۔
واضح رہے کہ نور خان ایئر بیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سب کو آگے بڑھنا ہو گا ، سمرقند میں مختلف ممالک کے سربراہان کو متاثرین سیلاب کے مسائل بتائے ۔ قدرتی آفت سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ، بچوں کیلئے خشک دودھ ، خوراک ، کپڑوں اور کمبلوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے بھی اپیل کی کہ وہ خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔