نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ چھوڑ کر جانے میں بھارت کا ہاتھ ہے، سابق چیف سلیکٹر

07:43 PM, 18 Sep, 2021

کراچی : سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی سیریز منسوخی میں بھارت ملوث ہے۔

سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں کئی روز سے تھی اسوقت تو اس کو کوئی سیکورٹی کے خدشات نہیں ملے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ساری کارروائی میں بھارت کا ہاتھ ہے۔بھارت نے 2009 میں بھی سری لنکن ٹیم پر حملہ کرایا تھا۔

محمد الیاس نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کریں۔

سابق چیف سلیکٹر نے کہا پاکستان کرکٹ نے مشکل وقت میں انگلیںڈ، آسٹریلیا کا ساتھ دیا تھا، امید ہے انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم ہوکر پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کرنا ہوگا۔

 واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ 18سال بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے آئی تھی اور ٹیم کی آمد سے قبل نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ٹیم نے بھی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے، یاد رہے کہ پاکستان آنے سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بنگلا دیش میں سیریز کھیلی تھی۔

مزیدخبریں