اسلام آباد: سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ان کے لئے اہم مارکیٹ ہے بھاری سرمایہ کاری کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے اہم مارکیٹ ہے جب کہ ٹک ٹاک تک رسائی بحال ہوتے ہی نئے منصوبے اور سرمایہ کاری لائیں گے۔
ٹک ٹاک نے تمام معاملات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایاہے کہ وہ پی ٹی اے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر قابل عمل حل نکال رہے ہیں تاہم آخری بار لگائی گئی پابندی کے وقت انھیں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کاحل نکالنے کے لیے پی ٹی اے کے ساتھ رابطے میں ہیں ہماری جانب سے تعمیل اور فوری جواب کے باوجود، پیشگی اطلاع کے بغیر پابندی لگائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایپ کو ہر شخص کے لیے محفوظ اوربہتر بنانے کے لیے ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز ہماری بنیادہیں، ہم نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران، پاکستان کے لیے مقامی زبان میں ماڈریشن کی ٹیم پر تین گناہ سے زائد سرمایہ کاری کی ہے۔
ٹک ٹاک کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ہماری ٹیم چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے تاکہ مقامی قوانین اور پلیٹ فارم کی گائیڈ لائنز کے مطابق پاکستان کے لیے غیر مناسب کنٹنٹ کو ایپ سے ہٹایا جا سکے۔ ہم مسلسل یا انتہائی ناپسندیدہ انداز میں ہماری کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کو بند کردیتے ہیں۔