راولپنڈی : نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 25 رکنی اسکواڈ یواے ای روانہ ہوگیا ہے۔ کیوی ٹیم کو سخت سیکیورٹی حصار میں ائیرپورٹ پہنچایا گیا۔
نیو نیوز کے مطابق اسلام ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر معمول کی ٹریفک روک کر اسکواڈ کو گزارا گیا۔ ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے۔ اسلام ائیرپورٹ پر مسافروں اور وہاں کے عملے کو مخصوص جگہوں تک محدود کردیا گیا تھا۔
جب تک نیوزی لینڈ کی ٹیم ایئرپورٹ پر موجود رہی کنڑول اسپیشل برانچ اور سیکورٹی اداروں نے سنبھالے رکھا ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو سٹیٹ گیسٹ لاؤنج میں بٹھایا گیا تھا ۔ ائیرپورٹ پر اسکواڈ کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ہوئے جن کی رپورٹ منفی آئی ۔ یو اے ای روانگی سے دو گھنٹے قبل ریپڈ انٹیجنٹ ٹیسٹ کی شرط لازمی ہے۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو لینے کے لیے متحدہ عرب امارات سے خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا جس میں ٹیم یواے ای روانہ ہوئی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر راولپنڈی میں موجود ہے جب ٹیم نے ٹاس کے لیے سٹیڈیم جانا تھا عین موقع پر انہوں نے دورہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
دورہ ختم ہونے پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنی نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو کی لیکن انہوں نے وزیر اعظم کی یقین دہانی نہیں مانی اور بورڈ کے دورہ ختم کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔