اگلا الیکشن مسلم لیگ ن کا ہو گا: شہباز شریف

02:18 PM, 18 Sep, 2021

سیالکوٹ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ ن کا ہو گا ۔

مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ریاست مدینہ میں کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا ، پاکستان میں عوام کو ان کا حق ملنا چاہیے ۔ نواز دور میں ہسپتالوں میں دوائیں مفت ملتی تھیں ۔ آج حکومت دن رات آئی ایم ایف سے قرضے مانگتی پھر رہی ہے ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔ چینی 110 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ اے ٹی ایمز کو اربوں روپے کا ڈاکا ڈالنے کی اجازت دی گئی ۔ ان 3 سالوں میں اربوں روپے کی چینی درآمد کی گئی ۔ ایسے میں لوگ نواز شریف کو کیوں نہ یاد کریں ۔

اس سے قبل ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ہم ملک میں صاف و شفاف الیکشن چاہتے ہیں ، الیکشن شفاف ہوں گے تو کراچی سے خیبر تک ن لیگ کامیاب ہوگی ۔

مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن ایک فیصلہ کن سروے ہیں ۔ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ن لیگ کو عوام نے ووٹ دئیے ۔ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ن لیگ کو کامیابی ملی ۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں نواز شریف کی خدمت کا اعتراف کیا گیا ۔ نواز شریف نے سیالکوٹ موٹروے کا وعدہ کیا تھا جو وفا ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو ووٹ ڈال کر عوام نے ہماری کارکردگی کو تسلیم کیا ۔ انتخابات میں عوام کو ووٹ دینے کی آزادی ہو ۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کنٹونمنٹ الیکشن میں لیگی کارکنوں نے کمال کر دیا ۔ کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں ۔

آزاد کشمیر الیکشن کے بعد یہ کامیابی ضروری تھی ۔ 2013 میں ملک میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ بڑے مسئلے تھے ۔ دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ملک نے ترقی کرنا چھوڑ دی تھی ۔ ن لیگ نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ۔

ہم ترقی کے راستے پر گامزن تھے ، سی پیک منصوبہ شروع تھا ، ن لیگ کے 3200 ارب کے منصوبوں پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں تھا ۔

نواز شریف پر کوئی کک بیکس ، رشوت کا الزام نہیں ، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا ۔ نواز شریف کو اس تنخواہ پر نااہل کیا گیا جو انہوں نے لی ہی نہیں ۔

موجودہ حکومت نے آٹے اور چینی مہنگی کرکے عوام کو لوٹا ۔ آٹا اور چینی مہنگی کرکے اے ٹی ایمز کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ چینی کی مد میں حکومت نے 450 ارب روپے عوام سے لوٹے ۔

مزیدخبریں