کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلز میں 35 فیصد انکم ٹیکس کے نفاذ کے بعد پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے ، بجلی کے بلز پر انکم ٹیکس مسترد کرتے ہیں ۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بجلی کے بلز پر انکم ٹیکس مہنگائی کا طوفان لائے گا ۔ حکومت نے مہنگائی کو عوام کیلئے سب سے بڑا مسئلہ بنا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے نجات کیلئے حکومت کو گھر بھیجنا ہوگا ۔ عوام باہر نہ نکلے تو عمران خان کے حملے جاری رہیں گے ۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کے نفاذ کو حکومتی بے حسی اور بے رحمی قرار دیا تھا ۔
اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا تھا کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بعد بجلی بھی گرا دی ہے ۔ بجائے ہوشربا مہنگائی کا سامنا کرتے عوام کو ریلیف دینے کے یہ حکومت ان کی جیب پر مزید ڈاکے مار رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان کو جس معاشی دلدل میں دھکیل چکی ہے اس سے نکالنا دہائیوں کا کام ہو گا آخر پاکستان کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے ۔ قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کرنے کے بجائے یہ حکومت آمرانہ طرز حکومت اپنائے ہوئے ہے ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خزانہ بھرا ہوا دکھانے کے لئے یہ حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہی ہے ۔ اپنے تین سالہ دور میں یہ حکومت 59 کے قریب صدارتی آرڈیننس نافذ کر چکی ہے ۔