لندن: انسانوں کی جانوروں سے محبت کے کئی قصے مشہور ہیں لیکن کسی جانور کی انسانوں سے محبت اور لگاؤ کی داستانیں کم ہی سننے یا دیکھنے کو ملتی ہیں ۔
یہ واقعہ برطانوی کاؤنٹی کارن ویل کے ساحلی علاقے کا ہے جہاں پر اکثر ایک ڈولفن دیکھی جاتی تھی ۔ ساحل سمندر پر پانی سے کھیلتے انسان اس کو دیکھ کر خوش بھی ہوتے تھے اور حیران بھی لیکن اس نے کبھی کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا تھا ۔
ماہرین کی ایک ٹیم نے اس ڈولفن کی انسان دوستی کو دیکھتے ہوئے اس کی مانیٹرنگ شروع کردی ۔
نک نامی یہ ڈولفن اکثر ساحلی علاقے میں آتی اور ساحل پر نہاتے لوگوں کو قریب سے دیکھتی تھی ۔ کچھ ہی دنوں میں نک کی شہرت دوردور تک پھیل گئی اور ہائیل نامی ساحل پر نک کو دیکھنے اور اس کے ساتھ اٹھکیلیاں کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا ۔
ڈولفن پر ریسرچ کرنے والے ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ ڈولفن انسانوں سے دوستی کی خاص کیفیت کا شکار ہے جس کی وجہ سے یہ بار بار ساحل پر آتی ہے اور انسانوں کے ساتھ وقت گذارتی ہے ۔ تاہم ساحل پر آنے والوں کو محتاط رہنے کی بھی تاکید کی گئی تھی ۔
تاہم پچھلے دنوں ایک ڈولفن کی لاش تیرتی ہوئی سمندر کے ساحل پر آئی جس کو ماہرین نے اپنے ہی لگائے ہوئے نشانات سے پہچان لیا یہ وہی ڈولفن نک تھی جو انسانوں سے محبت کے جذبے سے سرشار تھی ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نک انسانوں کی تلاش میں سمندر کے درمیان کسی کشتی کی طرف بڑھی لیکن ا س کشتی کے پنکھے سے اس کا سر لگا جس سے وہ شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئی ۔
نِک کو اسی سال اپریل اور جولائی میں بھی دیکھا گیا تھا اور وہ سکیلی جزائر کے پانیوں میں بھی نظر آیا کرتی تھی۔ اگست میں وہ ہائل ہاربر پر آئی تھی اور وہاں بالخصوص نوجوان پیراکوں کے ساتھ بہت خوشی سے دیکھی گئی تھی۔