لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا بجلی کے بلوں پر ٹیکس کے نفاذ پر بیان ، کہا صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی کے بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کا نفاذ حکومتی بے حسی اور بے رحمی کا مظہر ہے ۔
اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بعد بجلی بھی گرا دی ہے ۔ بجائے ہوشربا مہنگائی کا سامنا کرتے عوام کو ریلیف دینے کے یہ حکومت ان کی جیب پر مزید ڈاکے مار رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان کو جس معاشی دلدل میں دھکیل چکی ہے اس سے نکالنا دہائیوں کا کام ہو گا آخر پاکستان کے عوام کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے ۔ قانون سازی کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کرنے کے بجائے یہ حکومت آمرانہ طرز حکومت اپنائے ہوئے ہے ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خزانہ بھرا ہوا دکھانے کے لئے یہ حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہی ہے ۔ اپنے تین سالہ دور میں یہ حکومت 59 کے قریب صدارتی آرڈیننس نافذ کر چکی ہے ۔