لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کے بعد خصوصی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی ائیرلائن نے برطانیہ کیلئے چارٹرڈ پروازیں آپریٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کئی مہینوں سے سفر کے منتظر پاکستانیوں کی مشکلات میں کمی کی جا سکے۔ یہ پروازیں مانچسٹر اور لندن کیلئے اسلام آباد سے چلائی جائیں گی جو کہ چارٹرڈ کمپنی کے ذریعے آپریٹ ہوں گی۔
یاد رہے کہ برطانوی حکومت نے گزشتہ روز ٹریفک لائٹ سسٹم میں تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا اور برطانیہ کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پاکستان سمیت دیگر 8 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے جبکہ اس فیصلے کا اطلاق 22 ستمبر سے ہو گا۔
واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ٹریفک لائٹ سسٹم متعارف کرایا تھا، جس کے تحت مختلف ممالک کو گرین، ایمبر اور ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا۔
گرین لسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والوں پر کوئی پابندی نہیں جبکہ ایمبر لسٹ سے آنے والوں پر گھر میں 10 روز قرنطینہ کی پابندی ہے تاہم ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں پر قرنطینہ کی شرط عائد نہیں ہے۔
اسی طرح ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں پر 10 روز ہوٹل میں قرنطینہ اختیار کرنے پر پابندی ہے تاہم سفارتکاروں اور انتہائی بیمار افراد کو اس شرط سے استثنیٰ حاصل رہا ہے۔