ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، پاکستان کا احتجاج، سینئر بھارتی سفارتکار کی طلبی

05:02 PM, 18 Sep, 2020

اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ پرپاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے، بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 17 ستمبر کو جندروٹ سیکٹر پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔ بھارتی فوج مسلسل لائن آف کنٹرول پر سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ رواں برس بھارت نے اب تک فائر بندی انتظام کی 2280 خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 18 معصوم شہری شہید اور 183 شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت کی اشتعال انگیزیاں امن کے لیے خطرہ ہیں، ان حرکتوں سے بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

مزیدخبریں