ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ جانے والی شاہراہ تیسرے روز بھی بند، مسافر بےحال

04:26 PM, 18 Sep, 2020

فورٹ عباس : ڈیرہ غازی خان کے راستے پنجاب کو بلوچستان سے ملانے والی بین الصوبائی شاہراہ تیسرے روز بھی ٹریفک کیلئے بحال نہ ہو سکی۔

ڈرائیوروں کی جلدی بازی کے باعث بین الصوبائی شاہراہ پر گاڑیوں کی کئی کلومیٹر طویل قطاریں لگ گئی ہیں جن میں موجود مسافروں کا بھوک اور پیاس سے برا حال ہو گیا ہے مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے۔شاہراہ کی بندش کے باعث بلوچستان سے پنجاب آنے جانے والی گاڑیوں کی راکھی گاج کے مقام پر کئی کلومیٹر تک لمبی قطاریں لگ گئی ہیں مگر انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کےدورہ کے انتظامات میں مصروف ہے۔

شاہراہ کی بندش کے باعث بلوچستان سے پنجاب کو فروٹ اور سبزی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے اور ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں پڑا سامان خراب ہونے لگا ہے۔پولیس کے مطابق شاہراہ پر گزشتہ روز الٹنے والے ٹرک کو ہیوی مشینری کے ذریعے ہٹا دیا گیا تھا تاہم ڈرائیوروں کی جلد بازی نے ٹریفک کے نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ سے سب سے پہلے چھوٹی گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں