پی سی بی نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کردیا

12:27 PM, 18 Sep, 2020

 اسلام آباد : پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کردیا، گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ اس نے واجبات کی ادائیگی سمیت متعدد مرتبہ معاہدے کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020ءکے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے اپنا معاہدہ ختم کیا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس برائے 2019ءتا 2021ءٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے تاہم پی سی بی نے ان کی جانب سے متعد مرتبہ کنٹریکٹ کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر اب یہ معاہدہ ختم کردیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک پیشہ ور ادارہ ہے، جو شفافیت سے کام کرتا ہے۔

اس معاملے میں متعدد مرتبہ یاد دہانی اور رابطے کے باوجود پارٹنر اپنی ذمہ داریاں اور معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد پی سی بی کے پاس معاہدے کو ختم کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن باقی نہ رہا۔ شعیب نوید کا کہنا کہ پی سی بی کے لیے اس معاہدے کو اس وقت ختم کرنا اس لیے بھی ضروری تھا۔ کیونکہ پی سی بی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ ایونٹ کے لیے نئے شراکت دار کو ڈھونڈنے میں اب مناسب وقت مل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی نے بین الاقوامی علاقوں کے لیے متعلقہ براڈکاسٹرز اور مختلف سب لائسنسی سے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں۔ پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021ءکے لئے ایک مربوط میڈیا رائٹس سٹرٹیجی تیار کرنے کے عمل کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

پی سی بی اس حوالے سے اپنے نقصان کو پورا کرنے کے دعویٰ کا حق محفوظ رکھتا ہے اور وہ اس سلسلے میں لیگ اور اس کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سخت ترین اقدامات اٹھائے گا۔ 

مزیدخبریں