گوگل پکسل فور 15 اکتوبر کو متعارف کرایا جائیگا

12:40 PM, 18 Sep, 2019

گوگل کے نئے پکسل 4 فون کا انتظار ختم ہورہا ہے اور گوگل کی جانب سے اس کی تاریخ رونمائی کا اعلان کیا گیا ہے جو 15 اکتوبر کو نیویارک میں متعارف کرایا جائے گا ، گوگل کی جانب سے بھیجنے جانے والے دعوت نامے میں لکھا آ کر وہ چند چیزیں دیکھیں جو گوگل نے تیار کی ہیں۔اس دعوت نامے میں بہت زیادہ تو نہیں بتایا گیا مگر گوگل روایتی طور پر اکتوبر میں ہی اپنے نئے پکسلز فون متعارف کراتا رہا ہے اور میڈ بائی گوگل برانڈ کو یہ کمپنی اپنی تیار کردہ مصنوعات کے لیے استعمال کرتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل نے اس دعوت نامے میں تو پکسل 4 کا ذکر نہیں کیا مگر اس کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران اس نئے فون کے بارے میں کچھ تفصیلات خود جاری کی گئیں۔جیسے کمپنی نے اس فون کے کیمرے کی تصاویر ٹوئٹ کیں جبکہ اس میں نئی ریڈار ٹیکنالوجی کا عندیہ دیا جو ٹچ اسکرین کو چھوئے بغیر مختلف کام ڈیوائس سے کچھ دور ہاتھ کی حرکت سے کرنا ممکن بنائے گی۔

گوگل نے اپنا پہلا پکسل فون 2016 میں متعارف کرایا تھا جسے پہلی بار میڈ بائی گوگل قرار دیا گیا تھا ، اس سے پہلے وہ ایچ ٹی سی اور ایل جی وغیرہ کے ساتھ مل کر نیکسز فونز پیش کرتا رہا تھا۔جہاں تک نئے گوگل پکسل 4 سیریز کے فونز کی بات ہے تو وہ فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے کچھ ایسا کرسکیں گے جو اب تک کوئی اسمارٹ فون کیمرا نہیں کرسکا اور وہ ہے آسٹرو گرافی یا ستاروں کی تصاویر لینا۔

اس حوالے سے پرو اینڈرائیڈ نے ممکنہ طور پر گوگل کی آفیشل مارکیٹنگ ویڈیو لیک کی ہے جس کے مطابق گوگل کے نئے اسمارٹ فون میں ایک موڈ نائٹ اسکائی کی تصاویر لینے کے لیے دیا جائے گا تاہم ویڈیو میں اس نئے فنکشن کے حوالے سے تفصیلات بہت کم دی گئی ہیں بس یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ آپ ستاروں کو بھی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرسکیں گے اور اگر یہ درست ثابت ہوا تو اس فیچر کے باعث آپ کو ٹرائی پوڈ کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔

اس فیچر سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ گوگل نے اپنے نائٹ سائٹ فنکشن کو بہت زیادہ بہتر بنا لیا ہے اور یہ ایسا فیچر ہے جو اب تک اسمارٹ فون فوٹوگرافی میں ہونے والی تمام تر پیشرفت کے باوجود فون کیمرے سے ممکن نہیں ہوسکا۔

مزیدخبریں