نازیہ حسن کی زندگی پر فلم نہیں بنا رہا، سابق شوہر

10:15 PM, 18 Sep, 2018

لاہور : پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر اشتیاق بیگ نے ان کی زندگی پر فلم بنانے سے مکمل طور پر انکار کر دیا ہے ، انھوں نے کہا کہ میرا ایسا کوئی ارادہ نہٰیں ہے  ۔

نازیہ حسن کے بھائی گلوکار زوہیب حسن نے اپنی فیس بک پوسٹ پر دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ ان کی بہن کے سابق شوہر یعنی اشتیاق بیگ گلوکارہ کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

گلوکار نے پوسٹ میں واضح کیا تھا کہ ان کی بہن کی زندگی پر کسی کو فلم بنانے کا کوئی حق نہیں اور اگر کسی نے بھی ایسا کیا تو ان کا خاندان اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

زوہیب حسن نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا تھا کہ نازیہ حسن کے سابق شوہر ان کی بہن کا نام استعمال کرکے منافع کمانا چاہتے ہیں, میاں اشتیاق بیگ نے بیان میں دعویٰ کیا کہ نازیہ حسن مرتے دم تک ان کی اہلیہ تھیں، جس کی تصدیق ان کے ‘ڈیتھ سرٹیفکیٹ’ سے بھی ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ پاپ گلوکارہ نے 1995 میں صنعت کار میاں اشتیاق بیگ سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے , نازیہ حسن سال 2000 میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث لندن میں چل بسی تھیں، کہا جاتا ہے کہ مرنے سے ایک ہفتہ قبل ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی، تاہم اب میاں اشتیاق بیگ نے اس حوالے سے نیا انکشاف کردیا ہے۔

مرزا اشتیاق بیگ کے تازہ بیان کے بعد زوہیب حسن نے تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا, نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1975 میں پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بچوں کے پروگرام 'کلیوں کی مالا' سے کیا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا گانا 'دوستی ایسا ناتا' گایا تھا۔

وہ 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور اپنے انوکھے انداز سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں بہت جلد اپنی جگہ بنانے میں کامیاب گئیں , نازیہ حسن کو بولی وڈ فلم 'قربانی' کے لیے گائے گئے گانے 'آپ جیسا کوئی' سے عالمی شہرت ملی، وہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنھیں فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نازیہ حسن کے بہترین گانوں میں دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل کی لگی شامل ہیں، یہ گانے آج بھی ان کے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں , نازیہ حسن گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی تجزیہ کار بھی تھی جو 1991 میں پاکستان کی ثقافتی سفیر بنیں۔

مزیدخبریں