لاہور : پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے گیس قیمتوں میں اضافے کے خلاف قراردادپنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔
حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے۔حمزہ شہباز نے حکومت سے گیس قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے، مہنگائی کا کوڑا برساتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کو اپنے اعلانات یاد نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور اور متوسط طبقات کے حقوق کے لیے ماضی کی طرح آواز بلند کرتی رہے گی۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کی گئی مگر اب ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ثابت کیا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس نئے پاکستان کے کھوکھلے دعوؤں کے سوا کچھ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس میں10سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو 252 روپے گیس کا بل دے رہا تھا، اب 275 روپے دے گا، جو 480روپے گیس کا بل دے رہے تھے اب 520روپے دیں گے، کیٹگری میں 2ہزار 151روپے گیس کا بل دیا جائے گا۔