لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمّت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے۔
مہنگائی کا کوڑا برساتے ہوئے اسد عمر کو اپنے ماضی کے اعلانات یاد نہیں رہے۔ منگل کو بیان میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف حکومت نے تمام معاشی مشکلات کے باوجود غریبوں سے ریلیف نہیں چھینا تھا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ تین سے سات سلیبز کرنے کی آڑ میں تبدیلی کے دعویداروں نے چھپنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ اضافے سے ثابت کیا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس نئے پاکستان کے لئے کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور اور متوسط طبقات کے حقوق کے لئے ماضی کی طرح آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کے حق پر ضرب لگانے کے حکومتی ظالمانہ اقدامات کا راستہ روکے گی۔ حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔