لندن:برطانیہ سعودی عرب کے بڑے حریف قطر کو یوروفائٹر ٹائفون جنگی جہاز بیچنے کیلئے تیار ہو گیاہے۔
یوں توامریکا سعودی عر ب کا بڑا اتحادی ہے لیکن اب امریکا کا سعودی عرب کیساتھ رویہ بدلا نظر آنے لگا ہے ۔ یہی نہیں امریکا کے بعد بر طانیہ نے بھی امریکا کی روش کی پیروی کرتے ہوئے سعودی عرب سے آنکھیں چرانا شروع کر دی ہیں۔ جس کا ثبوت اس بات سے ملتا ہے کہ برطانیہ نے یہ جانتے ہوئے بھی کہ قطر اور سعودی عرب اس وقت آمنے سامنے ہیں پھر بھی قطر کو خطرنا یوروفائٹر ٹائفون جنگی جہاز بیچنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
برطانوی وزیر دفاع مائیکل فالن اور قطر کے درمیان گزشتہ روز یہ طے پایا کہ بی اے ای سسٹم کی جانب سے قطر کو24 ٹائفون جنگی طیارے فراہم کئے جائیں گے، جبکہ اربوں ڈالر کی سپورٹ کیبلٹیز بھی فراہم کی جائیں گی۔
ایک طرف تو تمام عرب ممالک قطر سے بائیکاٹ کیے بیٹھے ہیںتو دوسری طرف برطانیہ کے اس اقدام نے دنیا کو حیران کردیا ہے کیونکہ ابھی محض تین ماہ قبل ہی برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن قطر سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ شدت پسند گروپوں کی حمایت اور انہیں فنڈز کی فراہمی بند کرے۔
برطانوی وزیر دفاع نے اس معاہدے کے دفاع میں کہا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ انہوں نے قطر کو برطانیہ کا سٹریٹجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کے میدان میں ایک اہم پیشرفت ہے۔